بھٹکل ، 14؍ جون (ایس او نیوز) بھٹکل اور ساحلی علاقوں سمیت سرحدی علاقوں کے ساتھ ساتھ کرناٹک کے مختلف اضلاع میں مانسون سرگرم ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی مانیں تو مزید 4 دنوں تک بارش ہوتی رہے گی۔
دکشن کنڑا، اُڈپی ، چکمگلورو ، شیموگہ ، کلبرگی، یادگیر، بیدر اضلاع میں ہفتے کو اچھی بارش ہوئی ہے جبکہ اتوار کو صبح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی علاقوں کی ندیاں بھرجانے سے پانی باہر اُبل رہا ہے۔ کارکلا، کٹیگے ہارا ، بالے ہنوز سمیت مختلف علاقوں میں اچھی بارش ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ سرحدی اور جنوبی اندروانی علاقوں میں جمعرات تک مزید تیز برسات ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
اُتر کنڑا ، دکشن کنڑا، اُڈ پی اضلاع کے بعض علاقوں میں گرج کے ساتھ بارش ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے اور ان علاقوں میں آرینج الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اسی طرح سمندری سطح پر فی گھنٹہ 50 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی بھی بات کہی گئی ہے جس کے ساتھ ہی ماہی گیروں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔